Live Updates

کراچی، موجودہ بلدیاتی نظام میں تحریک انصاف کاکوئی کردار نہیں، اکرم چیمہ

ہمارے چند ایک کونسلرز اور یوسی چیئرمین ضرور جیتے ہیں لیکن وہ اس بلدیاتی نظام میں کچھ نہیں کرسکتے، تحریک انصاف اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی

بدھ 14 نومبر 2018 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی اکرم چیمہ اور صائمہ ندیم نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ میں منعقدہ خواتین کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما اکرم چیمہ نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں تحریک انصاف کاکوئی کردار نہیں۔ ہمارے چند ایک کونسلرز اور یوسی چیئرمین ضرور جیتے ہیں لیکن وہ اس بلدیاتی نظام میں کچھ نہیں کرسکتے۔

تحریک انصاف اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ تحریک انصاف ا س وقت سندھ میں اپوزیشن میں ہے۔ مخالفین تحریک انصاف پر حکومت کاملبہ ڈال کر اسے بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کی ویمن سیکریٹری فضا ذیشان، پی ٹی آئی رہنما زہرہ بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان بلدیاتی نظام کا ایک نیا خاکہ تیار کر رہے ہیں جو ڈیڑھ سے دو ماہ میں عوام کے سامنے ہوگا۔

موجودہ بلدیاتی نظام صرف لوٹ مار کے لیے بنا ہے۔ جتنا بجٹ سندھ حکومت اور سٹی گورنمنٹ کو دیا گیا، وہ مل کر کھا رہے ہیں۔ ایک سے پوچھو تو وہ کہتا ہے میرے پاس اختیارات نہیں ، دوسرے سے پوچھو تو وہ یہی جواب دیتا ہے۔ اگر اختیارات کسی کے پاس نہیں تو کراچی بجٹ کے اربوں روپے کہاں گئے۔ تحریک انصاف کو ملنے والی حکومت قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔

ہمارے پیارے وطن کو مکمل تباہی کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔ موجودہ مہنگائی اور افراطِ زر کی تفصیلات ہمارے سامنے ہیں۔ گزشتہ پانچ سال میں اتنے قرضے لیے گئے کہ اس سے گزشتہ پینسٹھ برسوں میں اتنا قرض نہیں لیا گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان پر پوری دنیا بھروسہ کرتی ہے۔ اس کا نمونہ ہمیں سعودی عرب اور چین کے دوروں کے دوران دیکھنے کو ملا۔ تحریک انصاف کو وقت دیا جائے تو پاکستان کا مستقبل تصور سے زیادہ روشن ہوگا۔

اپنے خطاب میں رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں خواتین کی تعمیر و ترقی کے لیے انتہائی دور رس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ خواتین پورے ملک کی نصف سے زائد آبادی ہیں۔ پورے ملک کا نظام خواتین کی طاقت شامل کیے بغیر ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ خواتین تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کی جان رہی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو منتخب کرنے اور تحریک انصاف کی حکومت کو سامنے لانے میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ تحریک انصاف خواتین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ تقریب میں تحریک انصاف کی خواتین میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ #
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات