Live Updates

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دونوں نشستیں پی ٹی آئی نے جیت لیں

ولید اقبال 184، سیمی ایزدی 183 ووٹ لے کرسینیٹ کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے

جمعرات 15 نومبر 2018 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیت لیں۔سینیٹ کی 2 نشستوں کے لیے پنجاب اسمبلی میں پولنگ کچھ تاخیر سے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہی۔پولنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں مسلم لیگ (ن)کے 166 اور پیپلزپارٹی کی7ووٹ کاسٹ ہوئے۔

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 179اور اتحادی (ق)لیگ کی10ووٹ کاسٹ ہوئے۔(ن)لیگ کے سہیل شوکت بٹ اور پی ٹی آئی کے اویس دریشک بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال 184 اور سیمی ایزدی 183 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مد مقابل (ن)لیگ کے سعود مجید کو 176 اور سائرہ افضل کو 175 ووٹ ملے۔

(جاری ہے)

اس طرح پاکستان تحریک انصاف کے دونوں ارکان سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے۔یہ دونوں نشستیں مسلم لیگ (ن)کے ہارون اختر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ہارون اختر اور سینیٹر سعدیہ عباسی کو ناابل قرار دیا تھا۔سینیٹ انتخاب میں کامیابی پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پارٹی قیادت اور نو منتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک بار پھر تحریک انصاف کے مینڈیٹ اور عمران خان کے ویژن کو کامیابی ملی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات