ڈی پی او ہری پور کی سرائے صالح میں کھلی کچہری، بلدیاتی نمائندگان سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت

جمعہ 16 نومبر 2018 12:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله نے تھانہ سرائے صالح میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس بلدیاتی نمائندگان سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخواہ کی ہدایت کی روشنی میں آپ کے مسائل کو سننے اور ان کے حل کیلئے آپ کی دہلیز پر تشریف لائے ہیں، پولیس ایکٹ 2017ء کے نفاذ سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں اور پولیس ایک بہتر سمت پر چل پڑا ہے، ہم اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر عوام کیلئے ہر مکمنہ آسانیاں پیدا کریں گے۔

دوران کھلی کچہری شرکاء تھانہ اور چوکی کی نفری بڑھانے سمیت ویری فیکشن کے حصول میں آنے والے پریشانیوں، مقامی سطح پر لیزان کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے اور ٹریفک کے مسائل سے ڈی پی او ہری پور کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہری پور نے مسائل کی نشاندہی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ایک ہفتہ کے دوران تھانہ اور چوکی کو مزید نفری کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایک عدد مزید پولیس موبائل فراہم کر دی جائے گی۔

لیزان کمیٹوں کو مزید فعال بنانے کیلئے ان میں مزید اچھے لوگ شامل کئے جائیں گے تاکہ معاشرتی مسائل تھانہ کے سطح پر احسن طریقہ سے حل ہو سکیں۔ ٹریفک مسائل پر انچارج ٹریفک کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ زائد کرایہ جات وصولی پر قانون کے مطابق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور حادثات میں کمی لانے کیلئے اورر لوڈنگ اور تیز رفتاری میں ملوث ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے سے بچایا جا سکے۔ ڈی پی او ہری پور نے معززین علاقہ سے اپیل کی کہ کسی بھی مسئلہ کی نشاندہی کیلئے آپ میرا اور معاشرتی مسائل کی روک تھام کیلئے پولیس کا ساتھ دیں تاکہ ضلع بھر کو جرائم سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔