الیکشن کمیشن کا تمام مراکز معلومات و شکایات اور دفاتر ضلعی الیکشن کمشنر/رجسٹریشن آفسز 31 دسمبر تک ہفتہ اور اتوار کے دن کھلے رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 16 نومبر 2018 18:22

الیکشن کمیشن کا تمام مراکز معلومات و شکایات اور دفاتر ضلعی الیکشن کمشنر/رجسٹریشن ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام الناس اور رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر تمام دفاتر میں قائم مراکز معلومات و شکایات اور دفاتر ضلعی الیکشن کمشنر/رجسٹریشن آفسز 31 دسمبر 2018ء تک ہفتہ اور اتوار کے دن کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تناظر میں (آج) ہفتہ اور (کل) اتوار کو یہ مراکز کھلے رہیں گے۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے بیان کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017ء کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کرایا جا سکتا ہے، ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018ء تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کرا لیں، ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لئے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں، سرکاری ملازم اور اہلخانہ (خاوند/بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرا سکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017ء کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کرائے گا، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند/بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کرایا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات اور دفاتر ضلعی الیکشن کمشنرز کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہیندگان سے کہا ہے کہ31 دسمبر 2018ء تک اپنے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق یقینی بنائیں۔