خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاورنے بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل سالانہ امتحان 2018کے نتائج کا اعلان کردیا

مذکورہ امتحان میں 312طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں172نے کامیابی حاصل کی،کامیابی کی شرح55فیصد رہی

جمعہ 16 نومبر 2018 21:28

پشاور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل سالانہ امتحانات 2018کے نتائج کا اعلان کردیا۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے شعبہ امتحانات کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل کے مذکورہ امتحان میں سات ڈینٹل کالجز کے کل 312طلبہ وطالبات نے شرکت کی جن میں172نے کامیابی حاصل کی اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح 55فیصد رہی۔

تفصیلات کے مطابق وومن میڈیکل کالج ڈینٹل سیکشن کی طالبہ سطیحہ قاضی نے 604نمبروں کے ساتھ پہلی،رحمان کالج آف ڈینٹسٹری کی طالبہ سمیعہ خان نے 579نمبروں کے ساتھ دوسری اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پشاور کی طالبہ ارسا ریاض خان نے 569نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی،اس طرح پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات کے حصے میں آئیں۔

(جاری ہے)

نتائج کے مطابق خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پشاور کا مجموعی نتیجہ85فیصد رہا۔

ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد ڈینٹل سیکشن کا نتیجہ52فیصدرہا۔ڈینٹل سیکشن وومن میڈیکل کالج ایبٹ آباد کانتیجہ54فیصد رہا۔مذکورہ امتحان میں ڈینٹل سیکشن باچاخان میڈیکل کالج مردان کا مجموعی نتیجہ63فیصد رہا، ڈینٹل سیکشن ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج ایبٹ آباد کا نتیجہ صرف 10فیصد رہا،کے ایم یوانسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کوہاٹ کامجموعئی نتیجہ 69فیصداور رحمان ڈینٹل کالج کا نتیجہ68فیصد رہا ۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشد جاوید نے اس موقع پر کامیاب طلبہ وطالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کامیاب طلبہ وطالبات اگلے امتحانات میں بھی نہ صرف کامیابی کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے بلکہ اپنے نتائج کو مذید بہتر بنانے کے لیئے مذید محنت کو اپنا شعار بنائیں گے۔انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ شعبہ امتحانات اپنے موجودہ معیار کو برقرار رکھے گا اور اس میں مزید بہتری لانے کی کوششیںبھی جاری رکھی جائیں گی۔#

متعلقہ عنوان :