ق لیگ نے تحریک انصاف کیخلاف بغاوت کردی

سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں حکمراں جماعت کو 11 ووٹ کم ملے، آزاد اور ق لیگ کے امیدواروں کی جانب سے ممکنہ طور پر ووٹ نہیں دیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 16 نومبر 2018 21:22

ق لیگ نے تحریک انصاف کیخلاف بغاوت کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2018ء) ق لیگ نے تحریک انصاف کیخلاف بغاوت کردی، سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں حکمراں جماعت کو 11 ووٹ کم ملے، آزاد اور ق لیگ کے امیدواروں کی جانب سے ممکنہ طور پر ووٹ نہیں دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی 2 نشستوں کیلئے ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

دونوں نشستیں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ تاہم فتح حاصل کرنے کے باجود تحریک انصاف کو دھچکا پہنچا ہے۔ مسلم لیگ ن اپنے مجموعی ووٹوں سے 6 زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ جبکہ پنجاب اسمبلی میں حکمران اتحاد اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان ووٹوں کا فرق اب صرف 8 ووٹوں تک آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں حکمران اتحاد کے اراکین کی کل تعداد 195 ہے۔

تاہم تحریک انصاف کے امیدواروں کو سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں 184 اور 183 ووٹ ملے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد اور ق لیگ کے امیدواروں کے ووٹ نہیں ملے۔ تاہم تحریک انصاف اپنے تمام اراکین اسمبلی کے ووٹ حاصل کرنے میں ضرور کامیاب رہی۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی 2 نشستوں کے لیے پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز ہوئی پولنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں مسلم لیگ (ن)کے 166 اور پیپلزپارٹی کی7ووٹ کاسٹ ہوئے۔

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 179اور اتحادی (ق)لیگ کی10ووٹ کاسٹ ہوئے۔(ن)لیگ کے سہیل شوکت بٹ اور پی ٹی آئی کے اویس دریشک بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال 184 اور سیمی ایزدی 183 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مد مقابل (ن)لیگ کے سعود مجید کو 176 اور سائرہ افضل کو 175 ووٹ ملے۔اس طرح پاکستان تحریک انصاف کے دونوں ارکان سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے۔ یہ دونوں نشستیں مسلم لیگ (ن)کے ہارون اختر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔