یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایک روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد

منگل 20 نومبر 2018 21:36

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میڈیکل کے طلبہ کے رویوں میں بہتری لانے کیلئے اور انھیں بااخلاق ڈاکٹر بنانے کیلئے قرآن و سنت کے احکامات پر مبنی ٹیکسٹ بک تیار کریگی۔ میڈیکل کالجوں میں پڑھائی جانے والی اس ٹیکسٹ بک کی تیاری میں علماء کرام کی مدد لی جائے گی اس بات کا اعلان منگل کے روز یو ایچ ایس میں ہونے والی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نعیمہ لاہور کے سربراہ مولانا راغب حسین نعیمی نے کہا کہ آپ ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ اور ہدایت کا ذریعہ ہے انھوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کو صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قرآن کریم ہدایت اور روشنی کا منبع ہے اس لیے قرآن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اسے معنی کے ساتھ سمجھ کر پڑھیں اور عمل کریں۔

جامعہ اشرفیہ لاہور کے سربراہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے کہا کہ بنی اکرم ؐ کے احکامات اور ان کی سنت پر عمل کرنے میں ہی ہماری بھلائی ہے۔ تقریب سے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز ،استاذہ نگہت ہاشمی اور صدر ویمن چیمبرز آف کامرس فائزہ امجد نے بھی خطاب کیا۔