الیکشن ٹربیونل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38میں مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا

جمعرات 22 نومبر 2018 22:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) الیکشن ٹربیونل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38میں مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا، تفصیلات کے مطابق جمعرات کو الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس ہاشم کاکڑ کے روبروہ الیکشن ٹربیونل میں سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کرانے کی استدعا کی جسے ٹربیونل نے منظور کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 38سے مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیاٹربیونل نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن فریقین کی موجودگی میں 29 نومبر کو مسترد شدہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کرائے جس کے بعد انتخابی عذرداری سے متعلق درخواست پر سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی گئی ،ٹربیونل میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال کی جانب سے حلقہ این اے 272سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کے خلاف دائر درخواست پرسماعت کے دوران وزیراعلی بلوچستان میرجام کمال کی جانب سے پیش گواہ کے بیان پر جرح کی گئی اور آئندہ سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی گئی ، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کے خلاف نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی درخواست پر سماعت کے دوران رکن اسمبلی نصراللہ زیرے کی جانب سے 6 گواہان کے بیانات پر جرح کی گئی اور درخواست پر سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی گئی ،رکن صوبائی اسمبلی نصیر شاہوانی کے خلاف خان زمان کی درخواست پر سماعت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب داخل کر نے کے بعد سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی گئی ،رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز کے خلاف عبدالخالق کی درخواست پر سماعت میںالیکشن کمیشن کی جانب سے جواب دائر کردیا گیا اور سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی گئی ،رکن صوبائی اسمبلی اخترحسین لانگو کے خلاف حضرت عمر کی درخواست پر سماعت میںالیکشن کمیشن نے جواب جمع کرادیا اور سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی گئی ،الیکشن ٹربیونل میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف عبدالکریم کھیتران کی درخواست پر سماعت کے دوران صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے وکیل نے کیس دوسرے ٹربیونل منتقل کرنے کی استدعا کی جبکہ درخواست گزار کے وکیل نادر چھلگری نے ٹربیونل کی تبدیلی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر کیس کو لٹکانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کو کیس دوسرے ٹربیونل منتقل کرنے کی ہدایت کردی،تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کے خلاف بی اے پی کے میر عاصم کردگیلو کی درخواست پر سماعت کے دوران میر عاصم کرد گیلو کے وکیل نے انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق درخواست دی جبکہ سردار یار محمد رند کے وکیل نے درخواست پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا کی جس کے بعد انتخابی عذرداری کی درخواست پر سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی گئی ، رکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین کے خلاف عیسی روشن کی درخواست پر سماعت گواہ کی عدم پیشی کی بناء پر بغیر پیش رفت27 نومبر تک ملتوی کردی گئی ،رکن اسمبلی عبدالواحد صدیقی کے خلاف اسفندیار کاکڑ کی درخواست پر سماعت درخواست گزار کی عدم حاضری کی بناء پر بغیر پیش رفت کے آج تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔