گنے کے وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن ہوگا،وزیر اعلیٰ پنجاب کاغیر قانونی کنڈوں کیخلاف کارروائی کا حکم

شوگر ملیں گنا مقررہ قیمت پر خریدنے کی پابند ہوں گی،گنے کے کاشتکاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دیں گے‘مل مالکان کاشتکاروں کو بقایا جات کی جلد ادائیگی یقینی بنائیں،صوبائی وزراء کومختلف اضلاع میں ذمہ داریاں ادا کریں گے‘وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، کرشنگ سیزن ،کاشتکاروں کو ادائیگیوں ، بقایاجات، غیر قانونی کنڈوں کیخلاف کارروائی اور مل مالکان کے امور کا جائزہ

جمعہ 23 نومبر 2018 23:22

گنے کے وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن ہوگا،وزیر اعلیٰ پنجاب ..
لاہور۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گنے کے کرشنگ سیزن کے آغاز ،کاشتکاروں کو ادائیگیوں ، بقایاجات کی ادائیگی، غیر قانونی کنڈوں کیخلاف کارروائی اور مل مالکان کے امور کا جائزہ لیاگیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملیں گنا مقررہ کردہ قیمت پر خریدنے کی پابند ہوں گی،گنے کے کاشتکاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دیں گے اورمل مالکان کے تحفظات کو بھی دور کریں گے، اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائیگی، وزیراعلیٰ نے غیر قانونی کنڈوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کنڈوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ مل مالکان کاشتکاروں کو بقایا جات کی جلد ادائیگی یقینی بنائیںاورگنے کے وزن میںکٹوتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی، وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن ہوگا، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران مختلف اضلاع میں ذمہ داریاں ادا کریں گے اور کرشنگ سیزن کی مانیٹرنگ کریں گے، انہوں نے کہا کہ کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژن جبکہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں کرشنگ سیزن کے حوالے سے امور کی نگرانی کریں گے، اس موقع پرکین کمشنر نے کرشنگ سیزن کے آغاز اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، محسن لغاری، سمیع اللہ چودھری ، مخدوم ہاشم جواں بخت ، نعمان لنگڑیال، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل ،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن، کمشنر لاہور ڈویژن ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ، چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون نعمان احمد خان اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنرز ،آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنر ز ویڈیو لنک کے ذریعے ا جلاس میں شریک ہوئے۔