Live Updates

ملک میں مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کا بنیادی سبب بجلی کی چوری ہے، وزیراعظم عمران خان

بجلی کے واجب الادا بلوں کی ریکوری کی مد میں 11 ارب روپے کی ریکوریاں کی گئی ہیں، وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم رپورٹ پیش

ہفتہ 1 دسمبر 2018 16:34

ملک میں مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کا بنیادی سبب بجلی کی چوری ہے، وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کا بنیادی سبب بجلی کی چوری ہے۔ وزارت توانائی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر ہفتہ کو اپنے ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو پیش کی گئی رپورٹ پر مبارکباد دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں صرف ایک ماہ یعنی اکتوبر 2018ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں 1.5 فیصد کی کمی لائی گئی ہے جس سے دو ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اسی طرح بجلی کے واجب الادا بلوں کی ریکوری کی مد میں 11 ارب روپے کی ریکوریاں کی گئی ہیں۔ اس طرح صرف ایک مہینے کے دوران وزارت توانائی کے اقدامات کی وجہ سے قومی خزانے کو 13 ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت توانائی ہفتہ یکم دسمبر سے خیبرپختونخوا میں بجلی کے واجب الادا بلز کی ریکوری مہم شروع کر رہی ہے۔ وزارت کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں اکتوبر 2018ء کے دوران بجلی چوروں کے خلاف 8 ہزار کے قریب ایف آئی آرز رجسٹرڈ کرائی گئی ہیں اور اس حوالے سے بجلی چوری میں معاونت کرنے والے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سٹاف کو بھی کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جا رہی اور ان کے خلاف بھی اسی طرح ایف آئی آرز درج کرائی جا رہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات