لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بنچوں کے قیام کے مطالبے کی منظوری کیلئے وکلاء کی ماتحت عدلیہ میں جزوی ہڑتال

پیر 3 دسمبر 2018 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) پنجاب بار کونسل کی کال پر لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بنچوں کے قیام کے مطالبے کی منظوری کے لئے وکلاء نے ماتحت عدلیہ میں جزوی ہڑتال کی جس کی وجہ سے عدالتی امور متاثر ہوئے اور سائلین کو مشکلات کا سامنا رہا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بنچز کے قیام کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

مطالبے کے حق میں پنجاب بار کونسل نے سات روزہ ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کی اپیل کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ اضلاع کے وکلا سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور کے وکلاء بھی جزوی ہڑتال پر رہے۔ وکلا کی اکثریت اپنے مقدمات کے سلسلے میں عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔ وکلا ہڑتال کے باعث سینکڑوں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئیجس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے سائلین تاریخیں ملنے پر مایوس لوٹنے پر مجبور ہوئے۔ پنجاب بار کونسل کی قیادت کا کہنا ہے کہ نئے بنچز کا قیام وکلا کادیرینہ مطالبہ ہے جسے نظر انداز کر کے وکلا کو انتہائی اقدام پر مجبور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تینوں ڈویژنز کے کروڑوں شہریوں کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لئے علاقائی بنچز فوری قائم کئے جائیں۔