سرگودھا،خواتین کے حقوق او رتشدد کے خاتمہ کیلئے پندرہ روزہ آگاہی مہم جاری

پیر 3 دسمبر 2018 22:10

سرگودھا۔3 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) پنجاب کمیشن برائے حقوق نسواں کے زیر اہتمام خواتین کے حقوق او رتشدد کے خاتمہ کیلئے پندرہ روزہ آگاہی مہم جاری ہے ۔ اس ضمن میں گورنمنٹ کامرس کالج برائے طلباء میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پنجاب کمیشن برائے حقوق نسواں کے ڈویژنل کوارڈی نیٹر تلاوت حسین تھے ۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہر سال 25 نومبر سے دس دسمبر تک دنیا بھر میں خواتین کے حقوق او رتشدد کے خاتمہ کیلئے آگاہی مہم جاری رہتی ہے او راس سلسلہ میں ملک بھر کی طرح سرگودہا میں بھی مختلف تقاریب اور سیمینار او رآگاہی واک کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کا کوئی مذہب خواتین پر تشدد او رامتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیتا ۔

(جاری ہے)

اسلام میں خواتین کو جو مقام حاصل ہے وہ کسی او رمذہب میں نہیں ہمیں بطو رماں ‘ بہن اور بیوی سمیت دیگر رشتوں کی خواتین کا بے حد احترام کرنا چاہیے اور انہیں وہ تمام حقوق دینے ہوں گے جو ہمارے دین او رقانون اجازت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کمیشن برائے حقوق نسواں اس ضمن بڑا فعال کر دار ادا کر رہاہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این جی اوز کی نمائندہ رخسانہ بھٹی ایڈووکیٹ نے کہاکہ کمیشن کے پلیٹ فارم سے مظلوم خواتین کی دادرسی کے سدباب کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹے فعال کمیشن کی ہیلپ لائن 1043خواتین کی راہنمائی او رمعلومات کیلئے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے ۔سیمینار سے کالج کے پرنسپل محمد ظہور میکن نے بھی خطاب کیا ۔