انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت بحریہ انکلیو سے 510 کنال 6 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن کا آغاز

ابتدائی طور پر بحریہ انکلیو انتظامیہ نے میڈیکل کیئر سینٹر کی بلڈنگ کو مکمل طور پر مسمار کر دیا، انکلیو کے داخلی گیٹ کا 35 فیصد حصہ بھی مسمار کر دیا گیا کری، ریہاڑہ، ملوٹ اور بلاغ اور کری روڈ کے 8 کلومیٹر دونوں اطراف کے علاقے میں 144 کمرے، 60 دکانیں، 9 کنٹینر، 8 تعمیراتی سامان کے سٹال، 11 ہوٹل، 7 ماربل سٹال، 2 بلاک فیکٹریاں، 2 ماربل فیکٹریاں، 2 نرسریاں اور 4 سروس سٹیشنوں کو بھی گرا دیا

پیر 3 دسمبر 2018 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیوں کے دوران انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت بحریہ انکلیو کی طرف سے قبضہ کی گئی 510 کنال 6 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیا، ابتدائی طور پر بحریہ انکلیو انتظامیہ نے میڈیکل کیئر سینٹر کی بلڈنگ کو مکمل طور پر مسمار کر دیا جبکہ انکلیو کے داخلی گیٹ کا 35 فیصد حصہ بھی مسمار کر دیا گیا۔

سی ڈی اے نے سرکاری اراضی پر تجاوزات کو ہٹانے کیلئے نہ صرف بحریہ انکلیو انتظامیہ کو نوٹس جاری کئے تھے بلکہ ان تعمیرات میں رہائش پذیر افراد کو بھی نوٹسزجاری کئے گئے تھے۔ دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے آپریشن شروع کئے جانے سے قبل ہی بحریہ انکلیو کی انتظامیہ نے ازخود ہی غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنا شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر بحریہ انکلیو انتظامیہ نے میڈیکل کیئر سینٹر کی بلڈنگ کو مکمل طور پر مسمار کر دی جبکہ انکلیو کے داخلی گیٹ کا 35 فیصد حصہ مسمار کر دیا گیا۔ بحریہ انکلیو میں سرکاری اراضی پر تعمیر کردہ تجارتی بلڈنگز کو خالی کیا جا رہا ہے تاکہ ان کو بھی مسمار کیا جا سکے۔ اسی طرح ریڈ چلی ریسٹورنٹ کو بھی مسمار کرنے کیلئے خالی کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے موضع کری، ریہاڑہ، ملوٹ اور بلاغ اور کری روڈ کے 8 کلومیٹر دونوں اطراف کے علاقے میں سی ڈ ی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے کی جانے والی انسدادِ تجاوزات کارروائیوں کے دوران 144 کمرے، 60 دکانیں، 9 کنٹینر، 8 تعمیراتی سامان کے سٹال، 11 ہوٹل، 7 ماربل سٹال، 2 بلاک فیکٹریاں، 2 ماربل فیکٹریاں، 2 نرسریاں اور 4 سروس سٹیشنوں کو بھی گرا دیا۔

اس آپریشن میں سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے سمیت آئی سی ٹی، سی ڈی اے کے لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ، ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے متعلقہ افسران و ملازمین کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران تجاوزات کو مسمار کرنے کیلئے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری کو بھی استعمال میں لایا گیا۔

متعلقہ عنوان :