Live Updates

وزیراعظم عمران خان اورطاہرالقادری کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ

ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، طاہرالقادری کا سانحہ ماڈل ٹاؤن پرنئی جے آئی ٹی کے قیام پرشکریہ، وزیراعظم عمران خان کی ماڈل ٹاؤن کیس میں شفافیت اورانصاف کی یقین دہانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 دسمبر 2018 17:05

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 دسمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی کے قیام سے متعلق شکریہ ادا کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ماڈل ٹاؤن کیس میں نئی جےآئی ٹی کے قیام سے متعلق شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹرطاہرالقادری کو ماڈل ٹاؤن کیس میں شفافیت اورانصاف کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے آج جمعرات کو وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے یہ بات پہلی مرتبہ تسلیم کی ہے، جو پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ کہتی رہی ہے کہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے افغان مصحالت کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ان کی ملاقات ہوئی اور انہیں خوشی ہوئی کہ تحریک انصاف کے موقف کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے سیاسی تصفیہ کے ذریعے افغانستان میں امن اور مصحالت کے حصول میں پاکستان کے دیرپا مفاد کا اعتراف کیا ہے۔ ہم 15سال سے کہہ رہے تھے کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، مجھے خوشی ہے کہ امریکا نے اس بات کو تسلیم کیا ہے۔

پاکستان افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ میں ہمیشہ سمجھتا تھا کہ ہمارا کردار افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے قیام امن کے حوالے سے ہے اور ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ آج ’’ڈومور‘‘ کے مطالبے کی بجائے افغانستان کا پرامن حل تلاش کرنے میں ہمارا تعاون مانگا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان کے مذاکراتی اور پرامن تصفیہ پر زور دیا اور اب کسی اورکی جنگ لڑنے کے بجائے پاکستان ثالثی کے ذریعے تصفیہ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ یمن کی صورتحال کے بارے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت یمن کے بحران کا ثالثی کے ذریعے حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے۔ یمن میں امن کے حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

کرتار پور راہداری کھولنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت نے خیر سگالی کے ہمارے اس جذبے کو سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا رنگ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگوں کو ان کی عبادت گاہوں تک رسائی فراہم کرنا پاکستان کی ذمہ داری ہے خواہ وہ سکھ ہوں، بدھ مت سے یا دیگر مذاہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ اقلیتوں کے مقدس مقامات کے حوالے سے آسانیاں پیداکرنا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ سکھ برادری نے اس اقدام کو بہت سراہا ہے امید ہے کہ بھارت بھی مثبت جواب دے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات