Live Updates

کوآپریٹوز ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مالی و قانونی بے ضابطگیوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) کوآپریٹوز ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مالی و قانونی بے ضابطگیوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا۔ صوبائی وزیر برائے محکمہ امداد باہمی مہر محمد اسلم کی ہدایات پر لاہور کی مختلف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کی انکوائری اور واجبات کی ریکوری کے لیے کیسز نیب اور اینٹی کرپشن کو بھجوا دیئے گئے۔

تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیر برائے محکمہ کوآپریٹوز مہر محمد اسلم نے کہا کہ نیب بھجوائے گئے کیسز رینٹ لیز اور غیر قانونی تعمیرات جیسے معاملات کی انکوائری اور واجبات کی ریکوری سے متعلق ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قانونی بے ضابطگیوں میں ملوث سوسائٹیوں میں گریٹر لاہور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، کینال ویو ہاؤسنگ سوسائٹی، رائے ونڈ روڈ پر واقع پروفیشنل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ’’کوآپریٹو ڈیویلپمنٹ فنڈ اینڈ پراجیکٹس، لاہور‘‘ کی اسلام آباد میں واقع دوکانوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف بھی ریفرنس اینٹی کرپشن پنجاب میں بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ مہر محمد اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کرپٹ عناصر کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات