بچوں کے ساتھ جنسی جرائم اور ان کے اغوا کے واقعات کی روک تھام کے لیے چائلڈ ہیلپ لائن قائم

محکمہ سماجی بہبود کے تحت چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کر دی گئی جو 24 گھنٹے کام کرے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 دسمبر 2018 14:32

بچوں کے ساتھ جنسی جرائم اور ان کے اغوا کے واقعات کی روک تھام کے لیے چائلڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2018ء) : ملک بھر میں کم سن بچوں سے جنسی جرائم اور ان کے اغوا کے مقدمات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے تھے تاہم اب بچوں کے ساتھ جنسی جرائم اور ان کے اغوا کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک چائلڈ ہیلپ لائن قائم کر دی گئی۔ یہ ہیلپ لائن محکمہ سماجی بہبود کے تحت قائم کی گئی۔

چائلڈ ہیلپ لائن کا نمبر 1121 ہو گا اور ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی۔ سندھ حکومت نے بچوں کے اغوا، گُمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کردی۔ محکمہ سماجی بہبود کے تحت قائم کردہ اس ہیلپ لائن کے ذریعے بچوں کے حوالے سے مختلف شکایات نوٹ کی جائیں گی۔ ہیلپ لائن کا مرکزی دفتر کراچی میں ہوگا۔

(جاری ہے)

اس قائم کردہ چائلڈ ہیلپ لائن میں پولیس، محکمہ سماجی بہبود اور این جی اوز کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔

ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیز بھی قائم کردی گئی ہیں جن کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے۔ چائلڈ ہیلپ لائن پر اغوا و زیادتی جسے جرائم کے علاوہ کم عمری کی شادی کے واقعات کی رپورٹ بھی کروائے جا سکیں گے۔ کم سن بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات سے متعلق محکمہ سماجی بہبود آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔ یاد رہے کہ سندھ پولیس کے مطابق رواں سال صرف کراچی میں 147 بچوں کو اغوا کیا گیا جن میں سے 30 کے علاوہ تمام بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی پاکستان سے آئل ٹینکر کے ذریعے بچوں کو ایران اسمگل کرنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ بچوں کو ملک کے مختلف حصوں سے اغوا کیا جاتا تھا اور بعد ازاں انکو آئل ٹینکرز میں چھپا کر ایران لے جایا جاتا تھا۔جن بچوں کو زیادہ ہدف بنایا جاتا ،ان میں مردان ، سوات اور خیبرپختونخواہ کے دیگر حصوں کے بچے شامل ہیں۔