Live Updates

صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عا مر محمود کیانی

صحت کے شعبے میں ہم انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں ،طبی شعبہ میں پیش رفت مسلسل تحقیق اور تعلیم کے باعث ہوتی ہے ہمارا مقصد میڈیکل کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا ہے ، وزیر صحت

جمعہ 7 دسمبر 2018 18:14

صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عا مر محمود کیانی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے میں نے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ ہیلتھ کا بجٹ اگلے سال 0.6 سے بڑھا کر 2 فیصد کیا جائے۔ صحت کے شعبے میں ہم انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں ۔ اسلام آباد میں چار بڑے ہسپتال بنا رہے ہیں اسلام آباد کے تمام بنیادی ہیلتھ سنٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں ۔

ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پور ے ملک تک پھیلا رہے ہیں ہیلتھ کارڈ سے تقریباً 2 کروڑ سے زائد افراد مفت علاج سے مستفید ہوں گے ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے پمزمیں منعقدہ ہیلتھ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر صحت نے کہا طبی شعبہ میں پیش رفت مسلسل تحقیق اور تعلیم کے باعث ہوتی ہے ہمارا مقصد میڈیکل کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

گریجوایشن اور پوسٹ گریجوایشن کے بعد کی تعلیم و تربیت میں بہتری بھی ہمارے اغراض و مقاصد میں شامل ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہم شواہد پر مبنی کلینیکل سروس ڈلیوری کے کلچر کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

ہماری حکومت غریب نواز صحت کا نظام لانا چاہتی ہے جو کہ اسلام آباد ضلع سے ماڈل کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کا سرکاری شعبہ کی نگہداشت کی فراہمی کی صلاحیت پراعتماد بحال ہو سکے ۔پمز سرکاری شعبہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کرنے والا سب سے بڑا ہسپتال ہے جو نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ پمز ’’ طبی نگہداشت میں تبدیلی‘‘ بارے سمپوزیم کے انعقاد سے موجودہ طبی نگہداشت میں بڑی پیش رفت کر رہا ہے ۔ جبکہ نرسوں طبی ماہرین اور میڈیکل کے طلباء کی تحقیق اور عملی تربیت پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے ۔ پمز کو طبی علوم ، تحقیق اور علاج معالجہ کا اعلیٰ ترین ادارہ بنانا ہمارا وژن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات