ووٹرڈے منانے سے عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر ہوگی، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان

جمعہ 7 دسمبر 2018 21:43

ووٹرڈے منانے سے عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر ہوگی، گورنر خیبر پختونخوا ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ ووٹرڈے منانے سے عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر ہوگی،انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی شفافیت کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم سب کو الیکشن کمیشن کے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ ان خیالا ت کااظہارانہوںنے گورنر ہائوس میںمنعقدہ قومی ووٹرڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنرشاہ فرمان نے کہاکہ انتخابات میں نئی ٹیکنالوجی کے متعارف کرانے سے شکوک و شبہات ختم ہونے میں مدد ملی،اس سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنرخیبر پختونخوا پیرمقبول احمدنے اپنے کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ دن اس لحاظ سے ایک اہم اور تاریخی ہے، آج ہی کے دن 07دسمبر 1970کو پاکستان کے پہلے پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے،جن کی بنیاد پر ہمارا 1973کا پہلا متفقہ آئین بنا،سینیٹ ( ایوان بالا) کا قیام وجود میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ووٹ کے اندراج کو آسان بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے نادرا کے ساتھ مل کر ایک لائحہ عمل وضع کیا ہے جس کے تحت نئے شناختی کارڈ ہولڈر کا الیکشن کمیشن کے اختیار کردہ تصدیقی عمل کے بعد ووٹر فہرستوں میں بحیثیت ووٹر اندراج کیا جاتا ہے،ہر ووٹر اپنا ووٹ 8300پر اپنا شناختی کارڈ نمبر الکھ کر اپنے موبائیل فون سے تصدیق کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو حالیہ عام انتخابات میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی سہولت دی گئی، مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں ریپمس بھی بنائے گئے۔ آخر میں تمام شرکاء نے گورنر خیبر پختوںخوا کی قیادت میں آگاہی واک میں شرکت کی۔ شرکاء نے مختلف بینرز اُٹھائے ہوئے تھے، جن پر ووٹ کی اہمیت اُجاگر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر کرنے کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں قومی ووٹرز ڈے شایان شان طریقے سے منا یا گیا۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرپشاور کے زیر اہتمام اسلامیہ کالج پشاور میں ایک رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی۔ جس میںوائس چانسلرپشاور یونیورسٹی مہمان خصوصی تھے۔ طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔اسی طرح الیکشن کمیشن کے تعاون سے فاسٹ یونیورسٹی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں صوبائی الیکشن کمشنر ، خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد مہمان خصوصی تھے۔ سرحد یونیورسٹی میں بھی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر خوشحال زادہ نے نمائیندگی کی۔