شہبازشریف کی پیشی پر لیگی کارکنوں پر تشدد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کیلئے منظور

سیشن عدالت نے درخواست پر ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 8 دسمبر 2018 18:19

شہبازشریف کی پیشی پر لیگی کارکنوں پر تشدد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) سیشن عدالت نے قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں پر تشدد کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی، عدالت نے ایس ایچ اواسلام پورہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے سیشن عدالت میں پولیس کیخلاف اندراج مقدمے کی درخواست دائر کی ہے جس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے اندراج مقدمہ کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے قانون سے بالا تر ہو کر مسلم لیگی کارکنوں پر تشدد کیا، پولیس کے تشدد سے متعدد لیگی کارکن زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ پولیس متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی. درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تھانہ اسلام پورہ پولیس کو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

سیشن عدالت نے اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔اس حوالے سے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہل کاروں کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہیں ہوئی ،پولیس افسران نے ہماری بات نہیں سنی اس لیے حمزہ شہباز کی ہدایت پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔