بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں دو نوجوان شہید کر دیے،شہریوں کا احتجاج

اتوار 9 دسمبر 2018 12:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سرینگر کے علاقے مجگنڈ میں دونوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے میں چار مکانات بھی گولہ باری کر کے تباہ کر دیے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ دریں اثنا نوجوانو ں کی شہادت پر مجگنڈ اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کے لیے سرینگر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔