مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے پرائس مجسٹریٹس کو گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈائون کی ہدایت

اتوار 9 دسمبر 2018 20:30

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے پرائس مجسٹریٹس گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈائون تیز کریں، ہول سیلر ز کی چیکنگ کیساتھ ان سے ماہانہ بنیاد پر سٹاک کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں، مارکیٹ کمیٹی سبزیوں پھلوں کی شفاف نیلامی ،ریٹ لسٹوں کی بروقت ضلع بھر میں ترسیل یقینی بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، ملک غضنفر علی اعوان، اسسٹنٹ کمشنرز افضل حیات، فیصل عباس مانگٹ، عمران بشیر، ڈی او انڈسٹریز ڈاکٹر اکرام الحق، پرائس مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکرٹری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی او انڈسٹریز ڈاکٹر اکرام الحق نے بتایا کہ ماہ نومبر میں ضلع بھر میں پرائس مجسٹریٹس نے 2889ریڈز کئے، اوور چارجنگ کرنے اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالے 160دوکانداروں پر1لاکھ80ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اے سی کھاریاں فیصل عباس مانگٹ کو مارکیٹ کمیٹیوں کا نظام بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا جبکہ تمام پرائس مجسٹریٹس کو تھانہ وائز علاقہ جات الاٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔