رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کا روٹ دے دیاگیا ہے،ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے عامردائود پوتا

پیر 10 دسمبر 2018 18:17

ملتان۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) جنوبی پنجاب میں ملتان کی اہمیت کے تناظر میں پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کاروٹ دے دیاگیا ہے جو رات ساڑھے دس بجے ملتان پہنچا کرے گی۔ ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے عہدیداران سے خیرسگالی اور مشاورتی میٹنگ جس میں ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر محمد سرفراز، ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ فاضل ، جنرل منیجر کرنل(ر)اویس سے پاکستان ریلوے ملتان کے ڈویژنل سپریٹنڈنٹ عامر محمد دائو د پوتا، ڈپٹی ڈویژنل سپریٹنڈنٹ اظہر ریاض، ڈویژنل کمرشل آفیسر نبیلہ اسلم و دیگر نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے ملتان ڈویژن انفراسٹرکچر کے لحاظ سے پورے ملک میں دوسرے نمبر پر، مسافروں کی تعداد اوراس سے حاصل شدہ ریونیو کے لحاظ سے تیسر ے نمبر پر جبکہ فریٹ کے حساب سے کراچی کے بعد دوسرے نمبر پرہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ دوردراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو آگے لایا جائے اسی سلسلے میں پاکستان ریلوے بہاولپور اور ساہیوال کے ریلوے سٹیشنز کو جدید بنارہی ہے جہاں اسٹیشن پر ہی ہرسہولت اورمسافر کی ضرورت پوری ہوگی جیسا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان سے چلائی جانے والی فیصل آباد ایکسپریس میں مسافروں کی تعداد 97فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ہم نے ہیڈکوارٹر سے اس کے لیے ایک نئے ریک کی ڈیمانڈ کی ہے جیسے ہی وہ ہمیں مل جائے گا تو پھریہاں کے تاجروں، صنعتکاروں اورکاروباری اداروں کی مشاورت سے اس کا نیا ٹائم ٹیبل بنائیں گے۔ اس کے علاوہ ہماری کوشش ہے کہ ملتان سے پنڈی جانے کے لیے تھل ایکسپریس اورملتان سے صبح سات بجے روانہ ہو کر رات کوکراچی پہنچنے والی شاہ رکن عالم ایکسپریس کوبھی بحال کرالیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ریزرویشن سسٹم کے ساتھ ساتھ انکوائری سسٹم کوبھی جدید بنارہے ہیں۔ ریلوے ملتان ڈویژن میں سات مختلف ڈویژنز سے ٹرینیں آتی ہیں اب ہماری زیادہ توجہ گڈز ٹرینوں کی طرف ہے جوبہت سستا باربرداری کا ذریعہ ہے۔ کراچی سے ملتان رائونڈ ٹرپ کا کرایہ لگ بھگ صرف دوروپے فی کلومیٹر پڑتا ہے۔اس موقع پر چیئرمین ڈرائی پورٹ ٹرسٹ ملتان خواجہ فاضل اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے صدر محمد سرفراز نے ریلوے کے ذریعے سامان کی نقل وحمل اور جنوبی پنجاب کے عوام کو ریلوے کے ذریعے سفر میںپیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف تجاویز دیں۔