پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے جدید ترین سروے جہاز کی چین میں لانچنگ کی تقریب

منگل 11 دسمبر 2018 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے جدید ترین 3000ٹن سروے جہاز کی لانچنگ کی تقریب چین کے شہر ژانگ ژونگ میں منعقد ہوئی جس میں جہاز کو دریائے یانتزی(Yantze) میں اُتارا گیا۔تقریب کے مہمان ِ خصوصی چیف نیول اوورسیئر، کموڈور اظفر ہمایوںتھے۔یہ جہاز پاک چین اشتراک کے تحت پاک بحریہ کے لیے بننے والا سب سے بڑا سروے جہاز ہے جس کی تیاری جیانگ سو ڈاجن ہیوی انڈسٹریز کمپنی لمیٹیڈمیں جاری ہے۔

اپنی تکمیل پر ٹیکنالوجی کے اعتبار سے یہ جہاز پاک بحریہ کا جدید ترین سروے جہاز ہو گا جو پاکستان کی میرین سائنسی ریسرچ میںوسعت کا باعث ہو گا اور زیرِ آب تلاش اور تعینِ مقام کے آپریشنز کی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان ِ خصوصی نے کہا کہ پاک بحریہ ہائیڈروگرافی میں درخشاں روایات کی امین ہے اوراس نئے سروے جہازکی ناموافق حالت میں دیر تک آپریشنز کرنے کی اضافی صلاحیت اور سروے کے جدید ترین آلات کی بدولت پاکستان کی بحری جغرافیائی سروے کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافے کا باعث ہو گا۔

(جاری ہے)

لانچنگ جیسا اہم سنگِ میل بر وقت حاصل کرنے پر مہمانِ خصوصی نے بیسٹ وے گروپ اور ڈاجن شپ یارڈ اور اس منصوبے سے جُڑے افرادکی ہمہ تن کاوشوں کو سراہا۔قبل ازیں، جیانگ سو ڈاجن ہیوی انڈسٹریز کمپنی لمیٹیڈ ( Jiangsu Dajin Heavy Industriea Co. Ltd) کے چیئر مین جناب ژانگ جِن فینگ نے مہمان ِ خصوصی کو خوش آمدید کہا اور منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین نے اس منصوبے کو مقررہ وقت اور پاک بحریہ کے اطمینان کے عین مطابق مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

لانچنگ کے موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں جس کے بعد مہمان ِ خصوصی اور بیسٹ وے گروپ کے چیئرمین نے جہا زکو لانچ کیا۔ تقریب میں ژانگ ژونگ میونسپل پیپلز گورنمنٹ کے ڈپٹی میئر جناب چن بوٹائو(Chen Botao)، چین کی بیورو ویریٹازسوسائٹی(Bureau Veritas Society) کے نائب صدر جناب بِل چن،جیانگ سو ڈاجن ہیوی انڈسٹریز کمپنی لمیٹیڈکے جنرل منیجر جناب ہانگ یو بنگ ، بیسٹ وے میرین اینڈ انجینئرنگ کمپنی کے صدر جناب ما شی ژانگ(Ma Shixiong)،ایروٹون کمپنی کے جنرل منیجر کمانڈر(ریٹائرڈ) شہزاد عامر،مقامی حکومت کے نمائندگان اور پاکستان نیو ی کے حکام نے شرکت کی۔

اس 3000ٹن سروے جہاز کی لمبائی 80.80میٹر ہے جو سروے کے جدید آلات سے لیس ہے اور50دنوں تک سمندر میں آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بندرگاہ اور سمندر میں آزمائشی سفر کے بعد یہ جہاز اگست2019 تک پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کا حصہ بنے گا۔