شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میںانسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج کی جانب سے یومِ ثقافت منایا گیا

منگل 11 دسمبر 2018 22:13

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) صوبہ سندھ کے یوم ِ ثقافت کے سلسلے میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میںانسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج کی جانب سے یومِ ثقافت منایا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس یوم ِ ثقافت کی تقریب میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے جوش اور جذبے کے ساتھ شرکت کی اور سندھ کے روایتی نغمے ہو جمالو پر رقص کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ اور سینئر پروفیسر مکیش کمار نے یوم ِ ثقافت اور سندھ کی ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شعبے کے اساتذہ پروفیسر ابراہیم کھوکھر، پروفیسر حسن شیخ اور پروفیسر عبدالرشید سومرو نے بھی ثقافت پر خطاب کیا ۔ انہوں نے سندھ کی ثقافتی تاریخ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ امن، برادشت، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی سرزمین ہے۔ اس پروقار تقریب میں میڈم روبینہ شاہین، میڈم پارس خاصخیلی کے علاوہ دوسرے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنی مادرِ وطن سے محبت کا اظہار کیا۔