حکومت مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکج لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، میاں فرخ حبیب

منگل 11 دسمبر 2018 22:37

فیصل آباد۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکج لانیکی منصوبہ بندی کر رہی ہے، حکومت تمام اقلیتوں کو زندگی کے ہرشعبہ میں یکساں نمائندگی پر یقین رکھنی ہے، حکومت نے کرسمس پر غریب مسیحی افراد کی خوشیوں میں اضافہ کرنے کیلئے کروڑوں روپے کی خصوصی گرانٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ تمام مسیحی سرکاری ملازمین کو کرسمس سے قبل تنخواہیں بھی جاری کر دی جائیں گی ، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں مسیحی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہحقیقی تبدیلی کے ثمرات کو نچلی سطح پر پہنچانے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے، عوامی مسائل کے حل اور ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے مخلصانہ کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آئیںگے، تین ماہ میں صرف عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے ، میرٹ اورگڈ گورننس کو فروغ دیا گیا ہے ، اداروں کی کارکردگی پرچیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے، نئے پاکستان کی منزل کو ہر صورت حاصل کریں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے جبکہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور قرضوں سے آزاد کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی قیادت متحرک ہے اسی طرح تمام اقلیتوں کے رہائشی علاقوں اور عبادت گاہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی پالیسی بنائی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو ان کا حق دیں گے، پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بروقت تکمیل سے ہی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے اور اسی لئے فلاح عامہ کے سکیموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے ۔