کوئی حکومت اپنی اپوزیشن کو گرفتار کر کے مضبوط نہیں ہو سکتی،آصف زرداری

بدھ 12 دسمبر 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ منگل کو جاری بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں کی گرفتاری سے مبینہ طور پر حکومت بے نقاب ہو گئی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کوئی حکومت اپنی اپوزیشن کو گرفتار کر کے مضبوط نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ ہر حکومت اپنی مدت پوری کرے جو کہ پارلیمانی نظام کو مضبوط کرنے کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مبینہ طور پر نہیں چاہتی کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام سے رہنمائوں اور جماعتوں کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی بحران ، بیروزگاری اور دیگر مسائل سے گزر رہا ہے، حکومت سیاسی انتقام سے عوام کی توجہ دوسری طرف منتقل کرنا چاہتی ہے۔