جدہ: ایک اور خاتون کی گاڑی جھیل میں جا گِری

یہ گزشتہ دس روز کے اندر پیش آنے والا دُوسرا واقعہ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 دسمبر 2018 13:39

جدہ: ایک اور خاتون کی گاڑی جھیل میں جا گِری
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2018ء ) جدہ شہر میں ایک خاتون ڈرائیورکی کار الزہور جھیل پر بنے پُل کو عبور کرتے ہوئے اچانک بے قابو ہو کر جھیل میں جا گِری۔ اتفاق سے صبح کے وقت پیش آنے والے اس واقعے کے وقت سعودی شہری عبداللہ الحربی ناشتے لینے کی خاطر وہاں سے گزر رہا تھا۔ اُس کار کی ٹکر کی زور دار آواز سُنی اور پھر کسی نسوانی آواز کی چیخ و پُکار نے اُسے خطرے کا احساس دلا دیا۔

اُس نے گاڑی روک کر جھیل کی جانب نگاہ دوڑائی تو ایک گاڑی جھیل میں ڈُوبتی نظر آئی جس کی کھڑی سے خاتون مدد کے لیے فریاد کر رہی تھی۔ الحربی موقعے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر جھیل میں جا پہنچا۔ تاہم گاڑی کا ڈرائیونگ سائیڈ والا دروازہ کھُل نہیں پا رہا تھا۔ اس کے علاوح خاتون کی گردن سیٹ بیلٹ میں پھنسے ہوئے کے باعث اُسے باہر نکالنے میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

(جاری ہے)

نوجوان نے ایک تیز دھار آلے کی مدد سے سِیٹ بیلٹ کاٹ دی اور یوں موت کے منہ میں پھنسی خاتون کو گاڑی کے دُوسرے دروازے سے باہر نکال لیا۔ اس دوران طبی امداد کا عملہ بھی وہاں پہنچ گیا ۔ خاتون کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں جسے علاج کی غرض سے ایک قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ اسی ماہ کے دوران کچھ ایسا ہی ایک سعودی خاتون کے ساتھ ہوا جس کی کار ڈرائیونگ کے دوران بے قابو ہو کر پہلے فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور پھر جنوبی بحیرہ احمر کے سمندر میں جا گِری۔

اس کار میں خاتون کے ساتھ اُس کی سہیلی بھی بیٹھی ہوئی تھی۔ قریب تھا کہ خاتون تقریباً نو فٹ گہرے پانی میں ڈُوب جاتی۔ اتفاق سے وہاں ایک نوجوان ساحلِ سمندر پر اپنے گھر والوں کے ساتھ تفریح کی غرض سے موجود تھا۔ اُس نے دیکھا کہ ایک ڈرائیور خاتون امداد کے لیے پُکار رہی ہے۔ اس پر وہ گاڑی کی جانب بھاگا۔ گاڑی ڈُوبنے ہی والی تھی۔ یہ دیکھ کر نوجوان نے جلدی سے دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر یہ کوشش بیکار گئی۔

خوش قسمتی سے گاڑی کی کھڑکی کھُلی ہوئی تھی۔ نوجوان نے خاتون ڈرائیور کو اس کھڑکی میں سے باہر کھینچ لیا۔ اسی دوران 2 اور نوجوان بھی خواتین کی مدد کے لیے پہنچ گئے جنہوں نے خاتون ڈرائیور کی سہیلی کو بھی کھڑکی سے باہر نکالا۔ نوجوان کے مطابق جس جگہ پر گاڑی گِری تھی وہاں سمندر کی گہرائی 3 میٹر کے قریب تھی۔ یہ تینوں نوجوان اس حادثے میں بچ جانے والی خوش نصیب خواتین کو دس میٹر کی تیراکی کے بعد ساحل سمندر تک بحفاظت لے آئے۔