پشاورہائیکورٹ نے نائب قاصدثواب خان کی مستقلی کے احکامات جاری کردئیے

بدھ 12 دسمبر 2018 23:09

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) پشاورہائیکورٹ کے جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس مسرت ہلالی نے پرمشتمل ڈویژن بنچ نے نائب قاصد کی پوسٹ پر مستقلی کیلئے دائر توہین عدالت درخواست کی سماعت کی جس میں درخواست گزار نے موقف اپنایاہے کہ 2003 سے کنٹریکٹ پر کام کررہا ہوں عدالتی حکم کے باوجود ابھی تک مجھے مستقل نہیں کیا گیامجھے 2 ہزار ماہانہ تنخواہ دے رہے ہیں لیکن مستقل نہیں کیاگیا اس موقع پر جسٹس مسرت ہلالی نے استفسارکیاکہ 2018 میں بھی آپ دو ہزار روپے ماہانہ پر کام کررہے ہیں،گورنمنٹ کو شرم آنی چاہیئے کنٹریکٹ ملازم کو دو ہزار روپے ماہانہ دے رہے ہیں، حکومت خود بارہ سو پر 4 مرغیاں دے رہی ہے اور ملازم کو ماہانہ صرف دو ہزار تنخواہ۔

(جاری ہے)

عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو درخواست گزار ثواب خان کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے نائب قاصد کی مستقلی کا نوٹفیکشین پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :