ترکی کے وفد کی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سے ملاقات

بدھ 12 دسمبر 2018 23:18

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور ماہی پروری محب اللہ خان سے بدھ کے روز ترکی کی حکومت کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پشاور میں ملاقات کی اور با ہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں شعبہ ماہی پروری کو مزید فروغ دینے خاص طور پر مچھلیوں کی پیداوار بڑھانے، ان کی بہتر پرورش کر نے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف منصوبوں میں باہمی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ۔

اس موقع پر ڈیڈک سوات کے چیئرمین فضل حکیم خان ، ایم پی اے شرافت علی خان ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر شیر محمد ، ڈی جی ماہی پروری خسرو کلیم ، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر عالم زیب مہمند، اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ترکی کے وفد نے ملا قات کے دوران صوبے میں مچھلی کی پیداوار میں اضافے سے متعلق تربیت فراہم کرنے ، مچھلیوں کی خوراک مارکیٹ تک ترسیل اور مچھلی کی افزائش گاہوں کی بہتری کے امور میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں وفد کی خواہش پر ہزارہ اور ملا کنڈ کے مختلف اضلاع کا دورہ کرنے، سرکاری اور پرائیویٹ سطح پر مچھلیوں کی پیداور میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے، لیبارٹریوں کے قیام میںتعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر ترکی کے وفد کی جانب سے صوبے میں ماہی پروری کو فروغ دینے میں تعاون کرنے پر شکریہ اد کیا اور کہا کہ زراعت و لائیو سٹاک اور ماہی پروری انتہائی اہم شعبے ہیں اور صوبائی حکومت انہیں فعال بنانے پر پوری توجہ دے رہی ہے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا اور ترکی کے مابین زراعت و لائیو سٹاک اور ماہی پروری کو ترقی دینے کی خاطر روابط کے لئے ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر شیر محمد کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :