حکومت اپوزیشن لیڈرکو چیئرمین پی اے سی بنانے پررضامند

حکومت اوراپوزیشن جماعتوں میں چیئرمین پی اے سی کیلئے مشاورت مکمل ،لیگی دور کے آڈٹ پیراز کیلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی۔وفاقی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں اتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 دسمبر 2018 15:23

حکومت اپوزیشن لیڈرکو چیئرمین پی اے سی بنانے پررضامند
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر2018ء) حکومت نے قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے پررضامندی ظاہر کردی ہے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں چیئرمین پی اے سی کیلئے مشاورت مکمل ہوگئی ہے،لیگی دور کے آڈٹ پیراز کیلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

مشاورت کے بعد دونوں جانب سے یہ طے پایا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو ہی بنایا جائے گا۔حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں شہبازشریف کوچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا اتفاق اس بات پر ہوا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور پنجاب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ادوارکے منصوبوں کے آڈٹ پیراز کیلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کی سربراہی حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے پاس ہوگی۔واضح رہے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا تھا۔ جس میں پیپلزپارٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ پارلیمنٹ کے تقدس کے پیش نظر اپوزیشن لیڈر کو ہی چیئرمین پی اے سی بنایا جائے گا۔ تاہم نوازشریف کے ادوار کے پیراز کے آڈٹ کیلئے پی ٹی آئی کی سربراہی میں الگ کمیٹی بنادی جائے۔

اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں ایوان میں متفقہ حکمت عملی اپنانے سے متعلق لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ایوان کا وقت ضائع ہونے سے بچائیں گے اور اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کیلئے حمایت کرنے پرپیپلزپارٹی کا شکر گزار ہوں۔اپوزیشن نے واضح کردیا کہ پی اے سی کا چیئرمین قائد حزب اختلاف ہوگا۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر حکومت بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پیراز کے آڈٹ کیلئے کمیٹی کو اپوزیشن لیڈر چیئر نہیں کرے گا۔گزشتہ ادوار کے منصوبوں کیلئے سب کمیٹی بنا دی جائے اس کی سربراہی پی ٹی آئی کرلے۔