پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے انتہائی دانشمندی کا کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:11

پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے انتہائی دانشمندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کا مقصد باریاں لگانا نہیں بلکہ جمہوری استحکام تھا‘ پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے انتہائی دانشمندی کا کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے‘ امید ہے اس ایوان میں قانون سازی کا عمل جلد شروع ہوگا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انتہائی دانشمندی اور بردباری کے ساتھ سپیکر نے پی اے سی کے چیئرمین کے حوالے سے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ پی اے سی کے چیئرمین بننے اور قائمہ کمیٹیوں کے وجود میں آنے کے بعد ہی یہ ایوان مکمل ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کے پیچھے کچھ عوامل کارفرما تھے۔

(جاری ہے)

محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف نے کئی سالوں کی کشمکش کے بعد جب یہ بات محسوس کی کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ برداشت اور احترام کے ساتھ چلنا ہوگا۔ اس تناظر میں میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے۔ یہ دستاویز باریاں لگانے کے لئے نہیں تھی اس کا مقصد جمہوری استحکام تھا۔ یہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سوچ تھی کہ میثاق جمہوریت کے بغیر یہ ایوان آگے نہیں چل سکتا۔ ہمیں امید ہے کہ اس ایوان میں عوامی مفادات کے لئے قانون سازی کا عمل جلد شروع ہوگا۔