کراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر178 افراد گرفتار

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:56

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) کراچی میں مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے 178 شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے حکم پر ٹریفک پولیس کی جانب سے دوسرے مرحلے کا سخت ایکشن جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 178 شہریوں کو گرفتار کرکے ان کی موٹر سائیکلیں ضبط اور مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر دفعہ 279 کے تحت 4031 شہریوں کے چالان، 7 لاکھ 17 ہزار 700 روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کے مطابق بدھ کی صبح سے جمعرات کی صبح تک ضلع جنوبی میں 7، سٹی میں 35 ، سینٹرل میں 38 شہریوں کے خلاف ون وے کی خلاف ورزی کے مقدمہ درج کئے گئے۔ ضلع شرقی میں 28، کورنگی 23، ویسٹ میں 35 اور ملیر میں 12 شہریوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔ جاوید مہر کے مطابق منگل کو کارروائیوں کے دوران98 شہریوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے موٹر سائیکلیں ضبط کی جا رہی ہیں جنہیں اگلے روزعدالت سے ضمانت پر رہائی ملتی ہے۔