چکوال، دھرابی ڈیم کے قریب زندہ جلا دینے والے دو کزن کے قتل کا معمہ حل

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:16

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عادل میمن نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دھرابی ڈیم کے قریب زندہ جلا دینے والے دو کزن حمیس اور عدنان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرکے چاروں قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر دو قاتلوں نے سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کروالی ہے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل ملک محمد انور بھی موجود تھے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ چار ملزمان کاشف عباس کا شی ولد غلام اکبر،معراج علی ولد اعجاز حسین، اظہر عباس ولد شیر بہادر اور سلیم اخترولد ضلع داد عرف کیڑا شامل ہیں۔ جبکہ دیگر دو نامزد ملزمان جو کہ سگے بھائی مسعود علی ولد منظور اور عثمان علی ولد منظور علی ہیں انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کروائی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے بتایا کہ اس بہیمانہ قتل سے پورے ضلع چکوال میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، وجہ عناد پرانی رنجش ہے اور مقتولین نے ملزم معراج علی کی ایک خاتون کیساتھ ناجائز تعلقات کی ایف آئی آر تھانہ کلر کہار میں درج کرا رکھی تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈی پی او نے بتایا کہ ان کی چھ ماہ کی تعیناتی کے دوران ضلع چکوال میں مجموعی طور پر20قتل ہوئے جس میں سی15کا سراغ لگاکر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے چالان عدالتوں کو بھیجوا دیے ہیں۔ ڈی پی او نے دھرابی ڈیم دوہرے قتل کاسراغ لگانے والی ٹیم سب انسپکٹر خاور سعید اور دیگر پولیس اہلکاروں کیلئے کیش ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :