کلین اینڈ گرین مہم کے تحت البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شالامار باغ میں کوڑے دانوں کی تنصیب،جی سی یونیورسٹی کے طلباء کی شرکت

صفائی آگاہی کیمپ لگا کرطلباء نے شہریوں کو صفائی کی ترغیب دی،شجرکاری کی گئی، شہری گلی محلوں میں صفائی کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں‘ سینئرمنیجر آپریشنزالبیراک

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) لاہور کو سرسبزو شاداب بنانے اور گندگی سے پاک رکھنے میں البیراک ویسٹ مینجمنٹ اپنی کاوشوں کوجاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں کلین اینڈ گرین مہم کاباقاعدگی سے انعقاد کیا جارہا ہے۔ جمعرات کے روز شالامار باغ میں ایک روزہ صفائی و آگاہی سرگرمی کا اہتمام کیا گیا جس میںجی سی یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

شہریوں میںکھلے عام کوڑا کرکٹ پھینکنے کی عادات کی حوصلہ شکنی اور تاریخی مقامات پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے البیراک کی جانب سے شالامار باغ میں کوڑادان نصب کئے گئے۔ البیراک ٹیم نے باغ کے اندر آگاہی کیمپ لگایا جہاں طلباء نے عوام کو صفائی اور اس کی اہمیت و افادیت پر بریفنگ دی جبکہ شہریوں میں معلوماتی بروشیرز بھی تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں،ویسٹ پکنگ سرگرمی کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء نے جھاڑو لگا کر کچرا ویسٹ بیگز میں ڈالا۔سرگرمی سے قبل سینٹری ورکرز نے شالامار باغ کے بیرونی حصے میں صفائی بھی کی۔ اس موقع پر سینئرمنیجر آپریشنز البیراک فاتح کریجی کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا ماحول ہمارے اور ہماری آنے والی نسلوں کی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے ۔ اس مہم میں شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ لاہور شہر کو اپنا گھر سمجھیں اور اپنی گلی محلوں کے ساتھ ساتھ شہر کے تاریخی مقامات پر بھی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑے دان کا استعمال یقینی بنائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کا یہ تعاون لاہور سمیت پورے پاکستان کو صاف ستھرا اور گرین بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بعدازاں شالامار باغ میں شجرکاری مہم کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں البیراک ٹیم،جی سی یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء نے پودے لگائے۔ یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات کے ماہرین کا کہنا تھا کہ پودے لگانے سے شہر میں آلودگی کا خاتمہ ممکن ہے۔

شہریوں کو چاہیے کہ اپنے گھروں میں بھی ایک پودا لازمی لگائیں۔سرگرمی میں شرکت کرنے والے یونیورسٹی طلباء میں البیراک ٹیم کی جانب سے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ایک روزہ سرگرمی کا اختتام آگاہی واک سے کیا گیا۔ البیراک اسسٹنٹ منیجرز سہیل محمود،سلمان اعجازاورجی سی یونیورسٹی سے ڈاکٹر مجتبی باقر، ڈاکٹر فائزہ شریف اور ایس ڈی او شالامار باغ عبدالمجید سرگرمی میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :