سی این جی سٹیشنز پر جلد ہی گیس بحال ہو جائیگی، وزیر پیٹرولیم

مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، سی این جی سیکٹر کے تمام جائز مسائل حل کرینگے، فروخت بڑھا کر تیل کی درآمدات کو کم کیا جائے گا، وفاقی وزیر کی سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنمائوں سے گفتگو

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:50

سی این جی سٹیشنز پر جلد ہی گیس بحال ہو جائیگی، وزیر پیٹرولیم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے ملک بھر کے سی این جی سٹیشنز پر جلد گیس بحال کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، سی این جی سیکٹر کے تمام جائز مسائل حل کرینگے، فروخت بڑھا کر تیل کی درآمدات کو کم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہاکہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کر رہے ہیں اور جلد ہی کسی بھی وقت بند علاقوں میں گیس سپلائی بحال ہو جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ہم سی این جی کے تمام جائز مسائل حل کریں گے تا کہ اس کی فروخت کو بڑھا کا تیل کی درآمدات کو کم کیا جائے۔ غلام سرور خان نے کہاکہ ملک بھر کا دورہ کر کے گیس استعمال کرنے والے تمام شعبوں سے مشاورت کرونگا ۔