بی بی سی نے اسد عمر کے انٹرویو سے کلبھوشن یادیو کا ذکر ہی نکال دیا

پاکستان میں سوشل میڈیا صارفینکی برطانوی نشریاتی ادارے پر کڑ ی تنقید

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) بی بی سی کی بھارت نوازی یا کچھ اور، وزیر خزانہ اسد عمر کے انٹرویو سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کا ذکر گول کرنے پر سوشل میڈیا میں شدید تنقیدکی گئی۔ پروگرام 'ہارڈ ٹاک' کا حذف شدہ حصہ شامل کر کے دوبارہ آن ائیر کرنے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وزیر خزانہ اسد عمر نے بی بی سی کو انٹرویو دیا تو بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا بھانڈا پھوڑ دیا، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا خصوصی ذکر کیا لیکن پروگرام ہارڈ ٹاک آن ائیر ہوا تو بھارتی جاسوس کا ذکر تک نہیں تھا۔

ویب سائٹ پر شائع انٹرویو میں کلبھوشن کا ذکر ہونے کے باوجود نشر ہونے والے پروگرام میں اس حصے کو حذف کر دیا گیا جس پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے برطانوی نشریاتی ادارے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ہارڈ ٹاک کے ٹویٹر ہینڈل سے پروگرام کا وہ حصہ نکالنے کی وضاحت کی گئی اور وقت کی کمی کا بہانہ بنایا گیا لیکن تنقید کا سلسلہ جاری رہا، آخر کار بی بی سی کو گھٹنے ٹیکنے پڑے اور مکمل پروگرام دوبارہ نشر کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔