سپریم کورٹ کا افضل کھوکھر ،سیف الملوک کھوکھر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے ،اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم

ہم نے قبضوں سے نجات حاصل کرنی ہے ،کسی بیوہ،یتیم اور اوور سیز کی جائیداد پر قبضہ قابل برداشت نہیں ‘چیف جسٹس ثاقب نثار کسی کی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا ،تمام جائیداد قانونی اور اسکے نقشے موجود ہیں‘افضل کھوکھر /چیف جسٹس کی ایس پی کینٹ ٹائون شپ میں کھلی کچہری لگا کر لوگوں سے قبضوں کے خلاف درخواستیں لینے کی ہدایت

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے زمینوں پر قبضوں کے خلاف کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب کی سربراہی میں خصوصی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے باور کرایا کہ بہت سی شکایات مل رہی ہیں اور لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون ہے افضل کھوکھر ۔جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل امتیاز کیفی نے بتایا کہ افضل کھوکھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس پاکستان نے افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کو فوری طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ نہیں آتے تو ایس ایس پی کو کہیں کہ انہیں پیش کرے۔سپریم کورٹ کے حکم پر کھوکھر برادران سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت عظمی نے لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینوں پر قبضہ چھوڑ دیں ۔

جس پر افضل کھوکھر نے کہا کہ کسی کی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا ،تمام جائیداد قانونی ہے اس کے نقشے موجود ہیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ مجھے ان نقشوں کا پتہ ہے انہیں منسوخ بھی کر سکتے ہیں ۔آپ جھوٹ بول کر اپنی ایم این اے شپ کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔ہم نے ان قبضوں سے نجات حاصل کرنی ہے ،کسی بیوہ،یتیم اور اوور سیز کی جائیداد پر قبضہ قابل برداشت نہیں ۔انہوں نے ایس پی کینٹ کو ہدایت کی کہ ٹائون شپ میں کھلی کچہری لگا کر لوگوں سے قبضوں کے خلاف درخواستیں لیں ۔عدالت عظمیٰ نے دونوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔