مدرسوں کو پیسہ دینے پر تنقید کی جاتی ہے ،ْ

آئیں اپنی بنیادوں سے رجوع کریں، سیرت طیبہ پر عمل کریں ،ْ شہر یار آفریدی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:12

مدرسوں کو پیسہ دینے پر تنقید کی جاتی ہے ،ْ
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ مشنری اسکولوں پر پیسہ لگانے پر اعتراض نہیں ،ْمدرسوں کو رقم دینے پر تنقید کی جاتی ہے، آئیں اپنی بنیادوں سے رجوع کریں، سیرت طیبہ پر عمل کریں۔پشاور یونی ورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ کنفیوژن پھیلا کر نوجوانوں کو الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی جا رہی ہے، ایک خاص سوچ بچوں کے ذہنوں میں مذہب سے متعلق ابہام پیدا کررہی ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ایک عجیب سوچ پیدا ہوگئی ہے کہ انگریزی بولنے والا زیادہ بہتر ہے، موجودہ حکومت معاشرے میں تفریق ختم کرے گی۔شہریار آفریدی نے کہا کہ نظام تعلیم میں فرق کی وجہ سے معاشرہ تقسیم کا شکار ہوا، خیبرپختون خوا کے ہر گھر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانی دی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کراچی میں ستر کی دہائی تک بیوروکریٹس کی بڑی تعداد آتی تھی، پھر کراچی میں ایک لسانی تنظیم نے اپنے مفادات حاصل کیے، آج وہاں کا حال دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہماری ترجیح پاکستانیوں کو عزت دینا ہے، ماضی کی نالائقی کو چھوڑ دیں، آئیں عزم کریں کہ پاکستان کے لیے ایک ہوں گے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں اب قانون سے بالاتر کوئی نہیں، نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ اتحاد کا پیغام ملک بھر میں عام کریں۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ مستقبل پاکستان کا اور نوجوانوں کا ہے، ایشیاء سے مستقبل جڑا ہوا ہے، قرآن پاک سے اپنا تعلق جوڑیں، اپنے آباواجداد کی تعلیمات پر عمل کریں۔