قوم دہشتگردی کیخلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریگی ،ْوزیر اطلاعات چوہدری فواد

پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، انشاء اللہ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی ،ْ مقصد کیلئے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے ،ْسانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں پیغام

اتوار 16 دسمبر 2018 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریگی ،ْپاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، انشاء اللہ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی ،ْ مقصد کیلئے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

اتوار کو اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ پاکستان وہ ملک ہے جس کے معصوم بچوں کا پاک لہو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ یہ ہمارے اس عزم کا واضح اورناقابل تردید ثبوت ہے کہ معصوم بچوں سے لے کر خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، غیرمسلموں سمیت پوری پاکستانی قوم نے اس عفریت کے خلاف مزاحمت کی جراتمندانہ اور درخشندہ مثال قائم کی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کوئی ملک جب بنیادی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کے ضمن میں منفی بات کرتا ہے تو دراصل وہ ان معصوم شہیدوں، اقلیتوں، ہماری بہادر مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے مقدس لہوکی توہین کاارتکاب کر رہا ہوتا ہے جس کی کوئی بھی مہذب اور انصاف پسند انسان ہر گز، ہرگز اجازت نہیں دے سکتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، انشاء اللہ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی ،ْ اس مقصد کے لئے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔