پنجاب بھر میں گاڑیوں کانیا رجسٹریشن سسٹم (آج) سے شروع ہو گا

مالکان کو 6سے زائد جدید سیکورٹی فیچرز کا حامل سمارٹ کارڈ صرف 530روپے فیس کے عوض ملے گا

اتوار 16 دسمبر 2018 18:00

راولپنڈی 16دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) محکمہ ایکسائز پنجاب نے رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ کے ا جراء کی تیاریاں مکمل کر لیں ،راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں سمارٹ کارڈ کا اجراء (آج) پیر سے شروع ہو گا۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب کو دی جانے والی مشینوں کی روزانہ 22000کارڈز بنانے کی استعداد کار ہے جبکہ ایکسائز پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر صرف 8000سمارٹ کارڈز کی ضرورت ہو گی ۔

ذرائع نے بتایاکہ سمارٹ کارڈ کی قیمت محض 530روپے رکھی گئی ہے اور یہ سمارٹ کارڈ متعلقہ گاڑی مالک کو براہ راست گھر کے پتے پر بھجوایا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی چوہدری سہیل ارشد نے اے پی پی کو بتایاکہ نئے وہیکل رجسٹریشن سسٹم منصوبے میں رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ ،جدید سیکورٹی فیچرز کی حامل کیمرا ریڈایبل نمبر پلیٹس اور یونیورسل نمبر کا اجراء شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ صوبے میں نئی نمبر پلیٹس کے اجراء کی تجویز ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ نے دی تھی تاکہ تبدیل شدہ ،نئے فونٹ کی اور یونیورسل نمبر کی حامل نمبر پلیٹس جاری کی جاسکیں اور انہیں کیمرا ریڈ ایبل بنایاجائے ۔انہوںنے بتایاکہ حالیہ نمبر پلیٹس سیف سٹی پراجیکٹ کے سی سی ٹی وی کیمرہ سے ریڈ ایبل نہیں ہیں جس کی وجہ سے سیکورٹی مسائل کے پیش نظر نئے وہیکل رجسٹریشن سسٹم کی ضرورت تھی ۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں نیا وہیکل رجسٹریشن سسٹم متعارف کرارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نئے وہیکل رجسٹریشن نظام کی بدولت نہ صرف یہ کہ گاڑیوں کے کاغذات میں جعلسازی کی حوصلہ شکنی ہو گی اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نظام مربوط ہو گا بلکہ اس سے صوبہ بھر کے کسی بھی ضلع میں ایک جیسے نمبر کی دوسری گاڑی کی موجودگی کا احتمال بھی ختم ہو گا ۔

انہوںنے قومی خبر ایجنسی کو مزید بتایاکہ یونیورسل نمبر سسٹم کے اجراء سے تمام چھوٹے بڑے اضلاع میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی بدولت حاصل ہونے والی اہمیت یکساں ہو جائے گی ،لاہور اور راولپنڈی پر رجسٹریشن کے بوجھ میں کمی آئے گی اور دیگر چھوٹے اضلاع کو بھی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ اس سے کرپشن کا بھی خاتمہ ہو سکے گااور جرائم کے دوران گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس کا ازخود خاتمہ ہو جائے گا ۔

انہوں نے اے پی پی کوبتایاکہ نئے وہیکل رجسٹریشن سسٹم کی بدولت گاڑی مالکان صوبے کے کسی بھی ضلع میں ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کروا سکیں گے اور گاڑی کے رجسٹریشن کے ضلع سے رابطہ کی ضرورت نہیں ہو گی ۔ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر ایکسائز نے بتایاکہ قبل ازیں ہر ضلع کے کمپیوٹر سرور میں ایک ہی ضلع کی گاڑیوں کے ریکارڈ کی وجہ سے ایسا ممکن نہ تھا ۔

اب صوبے بھر کے تمام اضلاع کو باہم مربوط کرتے ہوئے تمام ڈیٹا سنٹرلائزڈ کر دیا گیاہے جس سے تمام ڈیٹا ایک ہی سرور پر دستیاب ہو گا ۔نئے نظام کے تحت رجسٹریشن بک کی جگہ 6سے زائد سیکورٹی فیچرز کا حامل سمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا جس میں موجود الیکٹرونک چپ پر گاڑی کی خرید ،فروخت اور مالک کے بارے میں تمام تر معلومات دستیاب ہوں گی۔اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سہیل شہزاد کے مطابق مینوئل رجسٹریشن بک کی حامل گاڑی مالکان کو بھی بتدریج سمارٹ کارڈ کے حصول کی سہولت فراہم کر دی جائے گی ۔ ذرائع نے بتایاکہ پنجاب بھر میں سمارٹ کارڈ کے بیک وقت اجراء کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس ضمن میں (آج) پیر کو صوبہ بھر میں سمارٹ کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا۔