سندھ میں شوگرملیں نہ چلنے اور گنے کے مناسب نرخ نہ ملنے کیخلاف تنظیم سندھ ایگریکلچرریسرچ کونسل آج سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دے گی

اتوار 16 دسمبر 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) سندھ میں شوگرملیں نہ چلنے اور گنے کے مناسب نرخ نہ ملنے کے خلاف صوبے کی کاشت کار تنظیم سندھ ایگریکلچرریسرچ کونسل(سارک)کی جانب سے آج (پیر) کراچی میں سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا اس دھرنے میں سندھ کے مختلف اضلاع سے کاشت کار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے دھرنے میں شرکت کے لیے اندرون سندھ کے کچھ اضلاع سے کاشت کارگروپ کی صورت میں اتوار کے روزکراچی روانہ ہوگئے کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ سندھ کے شوگرمل مالکان عدالتی احکامات پربھی عمل نہیں کررہے عدالت عالیہ کی جانب سے شوگرملیں تیس نومبرتک چلانے کے احکامات پر صوبے کی اکثرشوگرملوں نے عمل نہیں کیا جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے گنے کے مقررکردہ نرخ ایک سوبیاسی روپے فی من پربھی عمل نہیں کیا جارہا اورکرشنگ شروع کرنے والی شوگرملیں کاشت کاروں سے ایک سوتیس روپے فی من کے حساب سے گنا خریدرہی ہیں کاشت کاروں کے مطابق صوبے کے کاشت کاروں کے گزشتہ سیزنوں کے دوران کروڑوں روہے کے واجبات شوگرملوں پرواجب الادا ہیں مگرشوگرملیں یہ واجبات ادا کرنے کے لیے بھی تیارنہیں ہیں اس صورت میں کاشت کاروں کے پاس پرامن احتجاج کے سواکوئی چارہ نہیں ہے اس لیے سندھ کے کاشت کار پیرکے روزسندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جس میں سندھ بھرکے کاشت کاروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی کاشت کاروں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ میں شوگرملوں کی من مانیوں کا نوٹس لیں اورعدالتی احکامات پرعمل نہ کرنے والے شوگرمل مالکان کے خلاف سخت کاروائی کریں۔