سقوط ڈھاکہ کا واقعہ خود غرضی ،ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا‘خرم نواز گنڈاپور

پشاور کے شہید بچوں نے خون کے نذرانے دیکر دہشتگردوں کو نفرت وعبرت کا نشان بنادیا سیاستدانوں نے ایسی غلطیاں کیں جنہوں نے معمولی زخموں کو ناسور بنا دیا‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

اتوار 16 دسمبر 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ جب قوم کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جائے تو پھر سانحات جنم لیتے ہیں۔مشرقی پاکستان سقوط ڈھاکہ کا واقعہ خود غرضی اور ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا،ہمسایہ ملک بھارت نے بھی پاکستان کو دو لخت کرنے میںسازشی کردار ادا کیا۔

مکتی باہنی کی آڑ میںمشرقی پاکستان میں را کے اہلکار لڑتے رہے۔بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے سازشی کردار ادا کیا اور اس سازش میں حصہ دار بنے۔اگر اس وقت کی قومی لیڈر شپ اقتدار کے لالچ اور خود غرضی کی بجائے زمینی حقائق،عوامی امنگوں کا ادراک کرتی تو ملک کبھی دو لخت نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

ہمارے اپنے لیڈروں کی غلطیوں پر بھارت نے پٹرول چھڑکا اور چنگاری کو الائو میں تبدیل کر دیا۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر جواد حامد،عارف چوہدری،راجہ ندیم،چوہدری افضل گجر،میاں افتخار،شفاقت علی مغل و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ16دسمبر ایک المناک دن ہے اس دن قائد اعظم کا پاکستان دو لخت ہوا،سیاستدانوںنے اقتدار کے لالچ میں ایسی غلطیاں کیں کہ جنہوں نے معمولی زخموں کو ناسور بنا دیا۔

خرم نواز گنڈا پور نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں اور اساتذہ نے آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا۔آرمی پبلک سکول کے پشاور کے اساتذہ،بچوں اور شہدا کے والدین کے عزم و حوصلہ کو سلام پیش کرتے ہیں،پشاور کے شہید بچوں نے خون کے نذرانے دیکر دہشتگردوں کو نفرت وعبرت کا نشان بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ناگزیر ہے۔16دسمبر 2014 کے دن نے پاکستانی قوم کے دلوں کو زخمی کر دیا۔جام شہادت نوش کرنیوالے بچے،اساتذہ اور دہشتگردی کی جنگ میں جانیں قربان کرنیوالے فوجی جوانوں نے ہماری آزادی اور عزت نفس کو تحفظ دیا۔