لکی مروت: پولیس اور انتظامیہ کا پاور ڈیفالٹر ، بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں تیزی لانے پر اتفاق

پیسکو کی معاونت کے لئے محکمہ مال کے پٹواریوں اور دیگر اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کیاجائیگا ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اجلاس میں فیصلہ

پیر 17 دسمبر 2018 20:08

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) پولیس اور انتظامیہ نے پاور ڈیفالٹرز اور بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں تیزی لانے پر اتفاق کرتے ہوئے پیسکو کی معاونت کے لئے محکمہ مال کے پٹواریوں اور دیگر اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں ضلع ناظم اقبال حسین ایڈووکیٹ، ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف گوہر، ایڈیشنل ڈی سی نور الامین اور پیسکو افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں واجبات کی وصولی اور کنڈہ کلچر و ناجائز کنکشنوں کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینے اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹوار حلقوں میں پٹواری انفورسٹمنٹ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور واجبات کی وصولیاں یقینی بنانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پٹواریوں اور محکمہ مال کے دیگر اہلکاروں کی شمولیت سے ریکوری بہتر ہوگی اور ڈیفالٹرز کے خلاف کاروائیاں نتیجہ خیزثابت ہوں گی، روزانہ بنیادوں پر پٹواریوں و دیگر اہلکاروں کی کارکردگی جانچی جائے گی اور اچھی کارکردگی پر پر کشش انعامات دیئے جائیں گے۔ڈی پی او آصف گوہر نے کہا کہ ڈی ایس پیز اور انتظامیہ و پیسکو افسران فیلڈ اہلکاروں کی نگرانی کریں گے، پولیس اہلکار غلط کاری یا بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کو تحفظ یا رعایت دینے کے مرتکب پائے گئے تو انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح دیگر اداروں کے اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم سیل میں روزانہ بنیاد پر فیلڈ ٹیمیں کارکردگی رپورٹ پیش کریں گی جہاں پولیس، انتظامیہ اور پیسکو افسران فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ تیار کریں گے۔ ضلع ناظم اقبال حسین ایڈووکیٹ نے ضلعی حکومت کی طرف سے مہم کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے لئے میٹروں کی تنصیب کا نظام آسان اور سہل بنایا جائے جبکہ بجلی سے متعلقہ لوگوں کی جائز شکایات کے ازالے کے لئے بھی نظام وضع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :