مدارس دینیہ ملک کے اسلامی تشخص کے اصل محافظ ہیں،مولانا محمد طیب

پیغام مدارس مہم کی کامیابی نے دینی اداروں پہ عوامی اعتماد کا اظہار کیا ہے، مرکزی رہنما وفاق المدارس کا میڈیا سینٹر کے دورے پر خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) مدارس دینیہ مملکت اسلامی پاکستان کی نظریاتی اساس کے محافظ ہیں،دینی مراکز میں دین اسلام کی تعلیمات کے ساتھ اسلام کے نام پہ وجود والے ملک کی فکری سوچ کو پروان چڑھانے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،مدارس کا استحکام و بقاء پاکستان کی نظریاتی سرحدات کے تحفظ کے لئے بھی ضروری ہے،مدارس سے پڑھ کر نکلنے والے ہزاروں علماء جہاں دینی تعلیم و تربیت میں احسن خدمات انجام دے رہے ہیں وہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن بعض دین دشمن عناصر اس میں رکاوٹ ڈال کر مدارس کے خلاف زہر اگلتے ہیں، ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی ناظم مالیات و رکن عاملہ مولانا محمد طیب نے اعلی سطحی اجلاس کے بعد وفاق المدارس کے میڈیا سینٹر کے دورہ کے موقع پہ کراچی کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ اسلام کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کررہے ہیں، تعلیم سے انسانی شعور بیدار ہوتا ہے چاہے وہ عصری ضروری تعلیم ہو یا دینی نظام تعلیم ہو،آج معاشرہ کی اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مدارس دونوں نظام تعلیم انتہائی اعلی تربیت اور فنی مہارت سے چلا کر ملک سے جہالت کے خاتمہ میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، دو نظام تعلیم کو جس وسعت فکر سے آج مدارس دینیہ پڑھا رہے ہیں اس ضرورت کا احساس آج دیگر تعلیمی اداروں کو بھی کرنا چاہئے جو ہزاروں کی فیسیں لے کر مدارس کو تنگ نظری کے طعنے دینے والوں کو بھی غور کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ حکومتی امداد کے بغیر مدارس جس طرح مفت تعلیم کے ساتھ پڑھنے والے لاکھوں طلبہ و طالبات کی ضروریات کو پورا کر کے مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں اس کا اعتراف کرنے کے بجائے مدارس کے خلاف نئے نئے قوانین لاگو کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ہر آنے والی حکومت سیاسی نعروں میں مدارس کی خدمات کا اعتراف تو کرتے ہیں لیکن عملاً دین دشمن قوتوں کی طرح مدارس کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ وفاق المدارس کی عاملہ نے مدارس کی مثالی خدمات اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہی کے لئے علماء و طلبہ سمیت عوام الناس کے لئے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، گزشتہ ایک ماہ سے جاری اس مہم میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہورہے ہیں اور 20 دسمبر کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں اسی سلسلہ میں عظیم الشان پیغام مدارس علماء کنونشن ہوگا،انہوں نے مزید کہا پیغام مدارس اجتماعات میں جس دینی جذبہ سے عوام کا مدارس کے پیغام سے ہم آہنگ ہونا دینی مراکز پہ بھرپور اعتماد کا مظہر ہے اور حکومت کو بھی چاہئے کہ مدارس کی خدمات کے زبانی اعتراف کے بجائے ان کو درپیش حقیقی مسائل کو فوری حل کرنے پہ توجہ دے،وفاق المدارس کے مرکزی رہنماء مولانا محمد طیب پاکستان کے معروف ترین ادارہ جامعہ امدادیہ فیصل آباد کے مہتمم اور شیخ الحدیث بھی ہیں، انہوں نے ذرائع ابلاغ کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وفاق المدارس کے مطالبات پر سنجیدہ عملی اقدامات اٹھائے تاکہ بڑھتی ہوئی بے چینی کا تدراک ہوسکے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مولانا محمد طیب نے ملک کی موجودہ صورتحال پہ مدارس کو درپیش مسائل کے حوالہ سے صدر وفاق المدارس مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی سے جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹائون میں تفصیلی ملاقات بھی کی۔