پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے ایک وفد نے وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جناب ڈاکٹر نور الحق قادری صاحب سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کی

اور ان کو مکہ مکرمہ آمد پر خوش آمدید کہا اور رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے منعقدہ بین الاقوامی اسلامی اتحاد کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر مبارکباد دی.

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 18 دسمبر 2018 17:05

پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے ایک وفد نے وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور ..
مکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 دسمبر2018ء،نمائندہ خصوصی،خرّم خان،مکہ) پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے صدر ڈاکٹر خالد خٹک ،جنرل سیکرٹری سید خاقان ،انفارمیشن سیکریٹری مفتی عزیر بھٹہ ،یوتھ ونگ کے صدر جناب حسن زادہ،احتساب کمیٹی کے ممبران جناب حافظ اکبر حسین اور سردار غلام دستگیر صاحب نے ڈاکٹر انوار الحق قادری صاحب کو سعودی وزارتِ حج کے ساتھ کامیاب مذاکرات و معاملات کے بعد پاکستانی حجاج کے کوٹہ میں اضافے کی منظوری پر خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان میں مثبت اسلامی اقدامات بشمول بین الاقوامی سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کانفرنس کے کامیاب انعقاد, پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک ناظرہ قرآن لازم قرار دینے اور دیگر امور پر داد دی اور مستقبل میں ان کے لئے نیک خواہشات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا. پی ٹی آئی مکہ مکرمہ ٹیم نے وزیر مذہبی امور سے گزارش کی کہ پاکستان میں حج و عمرہ آپریٹرز کو پابند بنائیں کہ مکہ و مدینہ آنے والے حج و عمرہ زائرین کے لئے تربیتی پروگرام کا بندوبست کریں اور حجاج اور عمرہ زائرین کے آمد و رخصتی, رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر معاملات کو منظم اور احسن طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں.

اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کی سرزنش کی جائے. ملاقات میں یہ بھی سفارش کی گئی کہ پاکستانی زائرین بالخصوص خواتین کو اس بات کا پابند بنایا جاۓ کہ حجاز مقدس میں قیام کے دوران باپردہ لباس زیب تن کریں جو ان کی ثقافت کے ساتھ اسلامی روایت کا بھی عکاس ھو. دو طرفہ بات چیت کے دوران ڈاکٹر انوار الحق قادری صاحب نے پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کی سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کی جانب سے ڈاکٹر انوار الحق قادری صاحب کا مذکورہ بالا مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا گیا. آخر میں پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کی جانب سے ڈاکٹر انوار الحق قادری صاحب کو تحائف پیش کئے گئے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا.