حکومت تمام علاقوں کو یکساں ترقی دینے کا عزم کر چکی ہے، شوکت یوسفزئی

منگل 18 دسمبر 2018 22:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ شانگلہ ماضی میں نظرانداز رہنے کی وجہ سے انتہائی پسماندہ رہا ہے تاہم موجودہ حکومت تمام علاقوں کو یکساں ترقی دینے کا عزم کر چکی ہے ڈاکٹرز معاشرے کا کریم ہے ان کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے عوام کو طبی سہولیات پہنچانے کے لیے اصلاحات لائی جارہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ کے 30 رکنی وفد اور انصاف ڈاکٹرز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت علی باز خان اور ڈاکٹر جاوید کررہے تھے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ شانگلہ میں سکولوں اور ہسپتالوں کی کمی ہے سڑکوں کی حالت خراب ہے پینے کے صاف پانی کی قلت ہے تاہم موجودہ حکومت عوام کی مشکلات دور کرنے اور انہیں ان کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ شانگلہ کے نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ٹورازم بہت بڑا ہتھیار ہے اور ٹورازم کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ترقی دے کر ضلع کی بے روزگاری ختم کی جاسکتی ہے آئی ڈی ایف سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بعد ازاں آزاد فاؤنڈیشن کے وفد نے نوید حسن خان اور علی با ش خان کی سربراہی میں بھی ملاقات کی اور سٹریٹ چائلڈ کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔