مضر صحت کھانے سے بچوں اموات کیس: عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پولیس نے مالکان کو گرفتار کرنے کی بجائے ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 دسمبر 2018 15:46

مضر صحت کھانے سے بچوں اموات کیس: عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 دسمبر۔2018ء) کلفٹن میں مضر صحت کھانے سے بچوں کی اموات کے کیس میں عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیاگیا ہے. تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ ماہ 10 نومبر کو ایریزونا گرل نامی ریسٹورنٹ میں مضر صحت کھانا کھانے کرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جس کے الزام میں پولیس نے مالکان کو گرفتار کرنے کی بجائے ملازمین عدنان اور عامر شیخ کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں آج ہی گرفتار کیا تھا.

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورنٹ کا مالک ندیم ممتاز راجہ ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے، ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے.

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا. تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایریزونا ریسٹورنٹ کے منیجر اور سسٹر کمپنی اسٹریم ٹریڈنگ کے جنرل مینجر ملزمان ہیں.

مضر صحت کھانا کھانے سے 4 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کی موت ہوئی تھی. عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان قلم بند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا. یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا.

خیال رہے کہ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے کہا تھا کہ ریسٹورنٹ میں بچا ہوا کھانا فریزر میں رکھا ہوا تھا، ریسٹورنٹ کا کچن بدبو دار نکلا، سندھ فوڈ اتھارٹی نے 2 لیبارٹریز سے ٹیسٹنگ کنٹریکٹ کیا ہوا ہے. ابرار شیخ کے مطابق ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ کو سیل کرکے کھانے اور ٹافیوں کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوا دئیے تھے.