بیرون ممالک مقیم پاکستانی الیکشنز میں عدم دلچسپی دکھانے لگے

پی پی 168 لاہور میں ہونے والے حالیہ ضمنی الیکشن کے دوران بیرون ممالک مقیم صرف 3 پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے

muhammad ali محمد علی بدھ 19 دسمبر 2018 20:34

بیرون ممالک مقیم پاکستانی الیکشنز میں عدم دلچسپی دکھانے لگے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2018ء) بیرون ممالک مقیم پاکستانی الیکشنز میں عدم دلچسپی دکھانے لگے، پی پی 168 لاہور میں ہونے والے حالیہ ضمنی الیکشن کے دوران بیرون ممالک مقیم صرف 3 پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک مقیم پاکستانی برسوں بعد ووٹ کا حق ملنے کے باوجود پاکستان میں ہونے والے الیکشنز میں عدم دلچسپی دکھانے لگے ہیں۔

حال ہی میں لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 168 لاہور کے ضمنی الیکشن میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے کسی قسم کی دلچسپی نہیں دکھائی اور صرف 3 بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

2 ووٹ تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر جبکہ 1 ووٹ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ملا۔ جبکہ اس حلقے میں کل 4 ہزار اوورسیز ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ واضح رہے کہ پی پی 168 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے اسد کھوکھر نے ن لیگ کے رانا خالد کو شکست دے دی تھی۔ عام انتخابات میں یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے جیتی تھی۔ پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 لاہور کے لئے کل 11 امیدوار میدان میں اترے تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے ملک اسد علی کھوکھر اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا خالد محمود قادری کے درمیان تھا۔ جبکہ پیپلز پارٹی نے اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا۔ تحریک انصاف کے امیدوار نے 17 ہزار ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔