ایران کے شعبہ صحت پر پابندیاں عائد نہیں کیں، امریکی ایلچی

جمعرات 20 دسمبر 2018 14:19

ایران کے شعبہ صحت پر پابندیاں عائد نہیں کیں، امریکی ایلچی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2018ء) امریکا نے ایران میں جاری ادویات کے بحران کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ ادویات کی قلت کا تہران پرعائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ذرائع کے مطابق ایران کے لیے امریکی ایلچی برین ہوک نے امریکا کے فارسی زبان ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عہدیداروں کی طرف سے ادویات کی قلت کے بحران کو امریکی پابندیوں کے ساتھ جوڑنے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران صحت کے جس بحران اور ادویات کی قلت سے گذر رہا ہے تو وہ امریکا کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا نتیجہ نہیں۔امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ ایرانی عہدیدار یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ملک میں جاری ادویہ کا بحران امریکا کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندیوں کا نتیجہ ہے مگر یہ من گھڑت دعویٰ ہے۔

(جاری ہے)

برین ہوک کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ایرانی عوام انٹرنیٹ کے ذریعے امریکی وزارت خزانہ کی اس فہرست کا خود مطالعہ کرسکتے ہیں جس میں صاف بتایا گیا ہے کہ ایران میں خوراک، ادویات اور طبی سامان پر پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں۔برین ہوک نے کہاکہ ایران میں ادویات کے بحران کے پیچھے ایران بنکوں کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی نہ کرنا اور امدادی سامان سے لدے ٹرک ایران داخل ہونے میں دشواری ہے۔ جہاں تک ایران پر امریکا کی اقتصادی پابندیوں کا معاملہ ہے خوراک اور صحت پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔

متعلقہ عنوان :