خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں وزیراعظم کے قومی افیئر پروگرام کے تحت خیبر وباجوڑ میں ایک لاکھ 41 ہزارصحت کارڈ تقسیم

جمعرات 3 جنوری 2019 15:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں وزیراعظم کے قومی افیئر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 41 ہزار صحت کارڈ ضلع خیبر و ضلع باجوڑ میں اب تک تقسیم کردیئے گئے ہیں، صحت کارڈ میں دو لاکھ پچاس ہزار روپے ہیں جن سے تمام بیماریوں کا علاج کروایا جاسکے گا۔ جمعرات کو سٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کے پروجیکٹ ہیڈ حاشر خان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دو قبائلی اضلاع ضلع خیبر، باجوڑ میں گزشتہ دو سالوں سے صحت کارڈ غریب و نادار ، مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع خیبر میں اب تک 59 ہزار مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ جاری کئے ہیں جبکہ ضلع باجوڑ میں 82 ہزار مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کی تقسیم کا کام سٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کے ذمہ لگایا ہے ۔ 2012ء میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق قرار پانے والے خاندانوں میں صحت کارڈ جاری کئے جارہے ہیں۔ حاشر خان نے کہا کہ صحت کارڈ میں دو لاکھ پچاس ہزار روپے تک کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں پچاس ہزار سے لیکر اڑھائی لاکھ روپے تک کی چھوٹی و بڑی بیماریوں کا علاج ہو سکے گا۔